دیہی خواتین میں بکری کے بچوں کی مفت تقسیم
شہر کی دنیا:-بدین کی دیہی خواتین میں بکری کے بچوں کی مفت تقسیم
ایک سال قبل یوایس ایڈ نے بکریاں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے وٹرنری ڈاکٹر ز مہیا کیے تھے یونین کونسل سیرانی کی خواتین نے بکریوں کے بچے پرورش کے بعد اپنی بہنوں کو دیدیے
بدین(نمائندہ دنیا)سندھ کی پسماندہ اور بدین کی ساحلی یونین کونسل سیرانی میں مقامی خواتین کی جانب سے دیہی خواتین میں بکری کے بچے مفت تقسیم کیے گئے ۔ اطلاعات کے مطابق غیر سرکاری تنظیم ایم ڈی ایف مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گوٹھ طیب ملاح میں خواتین کی تقریب منعقد کی گئی جس میں گوٹھ رمضان شیدی، گوٹھ عمر ملاح اور گوٹھ مصری میندھرو کی خواتین نے ایک سال پہلے یو ایس ایڈ، اے ایف جی پی اور ایم ڈی ایف کی جانب سے فراہم کی گئیں حاملہ بکریوں کے 4 ماہ سے بڑے 27 بچے دیہی خواتین میں مفت تقسیم کرکے نئی روایت قائم کردی جس پر گوٹھ طیب ملاح کی خواتین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے وعدہ اور عزم کیا کہ وہ بھی ان بکریوں سے پیدا ہونے والے بچوں میں سے ایک ایک بکری کا بچہ اپنی دوسری بہنوں کو مفت میں دے کر اس روایت کو جاری رکھیں گی ۔ اس موقع پر مقامی خواتین نے بتایا کہ ایم ڈی ایف کی جانب سے سب سے پہلے ہمیں کامیاب اور پرسکون زندگی گزارنے کا شعور اور تربیت دی گئی ، پھر پینے کے پانی کے لیے ہینڈ پمپ، واش روم اور گھر کے آنگن میں سبزیاں کاشت کرنے کی تربیت اور وسائل مہیا کیے گئے اور ایک سال قبل 80 مقامی خواتین کو حاملہ بکریاں،ان کی پرورش کی رہنمائی اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے وٹرنری ڈاکٹر کی خدمات مہیا کی گئیں۔