پنجاب کے کاشتکاروں سے 60 فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری کی خرید کیلئےدرخواستیں طلب

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) محکمہ زراعت نے حکومت کے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 60 فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری کی خرید کیلئے صوبہ کے تمام اضلاع کے کاشتکاروں سےدرخواستیں طلب کر لی ہیں ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق اس ضمن میں خواہشمند کاشتکار کم سے کم 50 ہارس پاور ٹریکٹر کا مالک ہوتاہم خود کار مشینری کیلئے یہ شرط لازم نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ درخواست گزار نہری علاقوں میں 25ایکڑ یا اس سے کم جبکہ بارانی علاقو ں میں 50 ایکڑ یا اس سے کم زرعی زمین کا مالک یا مزارع ہو۔انہوں نے کہا کہ کاشتکارسروس پرووائیڈرز منصوبے کی مدت کے دوران دوسرے کسانوں کو یہ مشینری دینے کا پابند ہو گااس کے علاوہ درخواست دہندہ کو الاٹمنٹ لیٹر کے اجرا کے10 دن کے اندر منظور شدہ فرموں و کمپنیوں کے پاس بکنگ کرانا لازم ہوگی ورنہ سبسڈی کو منسوخ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے4 سالوں کے دوران یہ زرعی مشینری کسی کو فروخت یا ٹرانسفر نہیں کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ درخواست دہندہ کو متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ ایگریکلچرل انجینئرکے تحت آپریشن،خرابیوں کی دور کرنے و دیگر دیکھ بھال کیلئے ایک روزہ تربیت لینا ہوگی جبکہ زرعی مشینری کے حصول کیلئے کسان کارڈ کے حامل کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار یا خواہشمند حضرات زرعی مشینری و آلات کے حصول کیلئے درخواست محکمہ زراعت کی ویب سائٹfield.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا متعلقہ ضلع کے اسسٹنٹ ایگریکلچرل انجینئر(فیلڈ) سے حاصل کرنے کے بعدبشمول بیان حلفی(100روپے کے اشٹام فارم پر)متعلقہ دفتر میں جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنے متعلقہ اضلاع میں درخواست29نومبرتک جمع کروا سکتے ہیں۔