دالوں کی پیداوار میں اضافہ کے پروگرام کے تحت رعائتی قیمت پر مشینری کی فراہمی کیلئے درخواستیں طلب

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدام کے تحت پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے اشتراک سے دالوں کی پیداوار میں اضافہ کے قومی پروگرام کے تحت رعائتی قیمت پر مشینری کی فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے مطابق مکینیکل ویڈر،ملٹی کراپ تھریشر،سمال ویڈر اور دالوں کی ڈرل کیلئے رجسٹرڈ کاشتکار17جنوری 2023تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع جھنگ سمیت بھکر،خوشاب،لیہ،میانوالی،راجن پور،خانیوال،چکوال،ڈی جی خان اور بہاولپور کے اضلاع کے کاشتکاروں کیلئے خصوصاً دالوں کے کاشتہ رقبہ کی بنیاد پر ہر ضلع کیلئے مشینری کا کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے جس کی تفصیلات متعلقہ اضلاع سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سبسڈی سکیم کیلئے کاشتکار 5سے 25ایکڑ تک زمین کا مالک، مزارع،ٹھیکیدار اور جو کم از کم 50ہارس پاور ٹریکٹر کا مالک بھی ہودرخواست دے سکتا ہے تاہم زرعی رقبہ مشترکہ ملکیت ہونے کی صورت میں خاندان کا صرف ایک ہی فرد اس سبسڈی سکیم کیلئے درخواست دینے کا اہل ہو گا لیکن درخواست گزار ایک یا ایک سے زائد زرعی آلات کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کے تحت کاشتکار حاصل کردہ زرعی آلات و مشینری کو 3سال تک کرایہ پر دوسرے کسانوں کو سہولت دینے کا پابند ہو گا۔انہوں نے کہاکہ قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں 15یوم کے اندر منظور کردہ فرم سے زرعی آلات و مشینری بک کروانا ضروری ہو گا جبکہ اس سکیم کے تحت فراہم کردہ زرعی آلات و مشینری کو صرف اور صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہاکہ زرعی آلات و مشینری کی الاٹمنٹ کے متعلق الاٹمنٹ کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ، ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک،زرعی رقبہ کی فرد ملکیت کی تصدیق شدہ کاپی اور 100روپے کے اسٹام پیپر پر بیان حلفی درخواست کے ساتھ جمع کروانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال 22 جنوری جبکہ قرعہ اندازی کی آخری تاریخ 27جنوری اور زرعی آلات بک کروانے کی آخری تاریخ 11فروری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات و رہنمائی کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفاتر سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔