محکمہ زراعت پنجاب کی مٹی اورپانی کے تجزیہ کے لیے لیبارٹریاں قائم
فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) محکمہ زراعت پنجاب نے فیصل آبادڈویژن سمیت صوبے میں مٹی اورپانی کے تجزیہ کے لیے لیبارٹریاں قائم کردیں جہاں کاشتکار انتہائی معمولی نرخوں پر مٹی کا تجزیہ کروا سکتے ہیں۔محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ مٹی وپانی کے تجزیہ کی رپورٹ کی روشنی میں کھادوں کامتناسب استعمال یقینی بنائیں تاکہ پیداواری لاگت میں کمی کے علاوہ فصلوں کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکے۔
انہوں نے بتایاکہ کاشتکار کوئی بھی فصل کاشت کرنے سے قبل اپنے کھیتوں کی مٹی اور ٹیوب ویل کے پانی کا تجزیہ کرواسکتے ہیں کیونکہ اس سے فصلوں کی کاشت، کھادوں کے استعمال اور آبپاشی کے بارے میں انہیں سفارشات سے آگاہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی اجناس کی فصلوں کی بھرپور پیداوار کے لیے صحت مند زمین اور آبپاشی کے لیے موزوں پانی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے جس میں کوتاہی کاشتکار کے لیے بعد ازاں پیداوار میں کمی اور مالی نقصان کاباعث بن سکتی ہے۔