زرعی اداروں کا کاشتکاروں کو ربیع کے چارہ جات کی منظور شدہ اقسام کا بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کااعلان

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) زرعی اداروں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کو ربیع کے چارہ جات کی منظور شدہ اقسام کا برسیم، جئی،لوسرن کا بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ زرعی اداروں نے کہا کہ کاشتکاروں کو مذکورہ بیج رعائتی نرخوں پر فراہم کیاجائے گا جبکہ کاشتکاروں کو ربیع کے چارہ جات بشمول برسیم، لوسرن، جئی، سرسوں، رائی گھاس وغیرہ کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر بھرپور کاشت اور بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام ممکن معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پنجاب میں پاکستان کے چارہ جات کے کل رقبے کا 80فیصد کاشت ہوتا ہے اور اس کی کل پیداوار 110کروڑ من سے زائد حاصل ہورہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ایک اندازے کے مطابق اگلے سال2023تک ہمارے ملک کی آبادی 235ملین سے بھی زائد ہوجائے گی اور اس کی ڈیری مصنوعات کی 50فیصد زائد ضرورت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ربیع چارہ جات میں برسیم، لوسرن، جئی، سرسوں اور رائی گھاس شامل ہیں اوران چارہ جات کی منظور شدہ اقسام کے بنیادی بیج فاڈر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ موسم سرد ہونے پر ان ربیع چارہ جات کی بوائی اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں شروع کریں۔ انہوں نے بتایاکہ چارہ جات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے محکمہ زراعت توسیع کو ضلعی سطح پر تربیتی پروگراموں کے انعقادکیلئے سفارش کی گئی ہے اور ربیع کے چاروں کے پیداواری منصوبہ میں اہم سفارشات نئی اقسام کی کاشت، کھادوں کے متوازن اور متناسب استعمال اور نقصان رساں کیڑوں وبیماریوں کے بروقت انسداد پر غور خوض کے بعد پیداواری منصوبہ کی متفقہ طورپر منظوری دی گئی ہے تاکہ سبز چارے کی مطلوبہ ضرورت کو بآسانی پورا کیاجاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے