جانوروں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت سے جانوروں کی صحت اور پیداوار کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ڈاکٹر جمشید اختر

ملتان (لائیوسٹاک پاکستان) جلالپور پیر والہ میں ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر منصور احمد صاحب کی ہدایت پر لائیو سٹاک اور پولٹری میں اینٹی بائیوٹکس کے بے جا استعمال کی روک تھام کے لئے آگاہی دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک مزاحمت آگاہی کا مقصد اینٹی بائیوٹک مزاحمت کے بارے مویشی پال حضرات اور معالج حیوانات دونوں میں آگاہی بڑھانا اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مویشی پال حضرات، معالج حیوانات اور پالیسی سازوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک جانوروں اور مرغیوں میں بیماریوں پر قابو پانے کے عالمی پروگرام میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے دریغ استعمال سے جانوروں کی صحت بارے سنگین مسائل درپیش ہیں مزید یہ کہ جانوروں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت سے جانوروں کی صحت اور پیداوار کو شدید خطرات لاحق ہیں اس لیے اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے جا استعمال میں کمی لانے کی ضرورت ہے

ڈاکٹر جمشید اختر نےبتایا کہ کچھ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کا خود علاج کرتے اور معالج حیوانات کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے جا استعمال کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ غیر مستند معالج حیوانات بھی اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے جانوروں اور مرغیوں میں جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہوتی جا رہی ہے اس مزاحمت کا مطلب کہ وہ ادویات بے اثر ہو رہی ہیں جو کہ ٹِک ٹِک کرتا بم ہے اس لیے غیر متعدی بیماریاں مثلاً بد ہضمی، اپھارہ وغیرہ میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال نہ کیا جائے۔ ڈاکٹر جمشید اختر نے مزید آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی جانوروں اور مرغیوں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال کرنا ضروری ہو تو اینٹی بائیوٹک ادویات کی تھوڑی مقدار ہرگز نہ دیں بلکہ زندہ جانور کے وزن کے مطابق پوری خوراک دیں اور دی جانے والی ادویات کا کورس مکمل کریں مزید یہ کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کے وقت ان ادویات کا جانوروں کے جسم سے اخراج کا دورانیہ یعنی withdrawal time کو بھی مدنظر رکھیں کیونکہ ایسے گوشت اور دودھ کے استعمال سے انسانوں میں بھی اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے