مویشی پال افراد میں اعزازیہ کے تحت چیک تقسیم کئے گئے

تقریب ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل فیصل آباد سول لائنز میں ہوئی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محکمہ لائیوسٹاک کی سکیم ’’ گوشت کی پیداوار میں اضافہ ‘‘کے تحت کٹڑا بچاؤ اور کٹڑ ا فربہ سکیم کے تحت تحصیل فیصل آباد کے مویشی پال افراد میں اعزازیہ کے تحت چیک تقسیم کئے گئے ۔ تقریب دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل فیصل آباد سول لائنز میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر رائے شفقت نے کامیاب کٹڑوں کے مالکان میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 80 ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے جس میں کٹڑابچاؤ سکیم کے تحت 6لاکھ روپے تقسیم کئے گئے ۔ اس سکیم کے تحت مزید کٹڑوں کی رجسٹریشن جاری ہے ۔کٹڑا فربہ سکیم میں 25 کٹڑوں پر مشتمل ایک یونٹ کو 3 ماہ کیلئے رجسٹرڈ کیا جاتا ہے اور فی کٹڑا اعزازیہ 4000 روپے اور مطلوبہ وزن 700 سے 800 گرام یومیہ بڑھنا ضروری ہے اس میں کٹڑے کی عمر ایک سے ڈیڑھ سال ہوتی ہے جبکہ کٹڑا بچاؤ سکیم کے تحت ایک یونٹ میں 10 کٹڑے رجسٹرڈ کئے جاتے ہیں اس میں 4 ماہ کیلئے ایک سے 30 دن کے کٹڑے شامل ہیں جس کا اعزازیہ 6500 روپے فی جانور ہے ۔رجسٹریشن کیلئے اس علاقے کا مقامی اور شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے