اچھی نسل کے جانور پالنے والوں کی قومی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے، ماہرلائیوسٹاک
لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ماہر لائیو سٹاک ڈاکٹر رفاقت علی نے کہا کہ اچھی نسل کے جانور پالنے والوں کی قومی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے ۔جانوروں میں مصنوعی نسل کشی کوکامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ایکسٹینشن سروسز میں نئی روح پھونکنا ہوگی جبکہ اچھی نسل کے سانڈرکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بھی قومی دھارے میں لایا جانا چاہئے۔
اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ جانوروں کے علاج معالجہ اور بہتر پیداوار کیلئے پرائیویٹ شعبہ کو بھی آگے آناہوگاکیونکہ پوری دنیا میں یہ شعبہ پرائیویٹ ہاتھوں میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی آرا و تجاویز کو حکومتی سطح پر مکمل پذیرائی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری کوشش سے پورے صوبے میں ماڈل کیٹل مارکیٹس میں اچھی سروسز کے ساتھ خریدار اور فروخت کنندہ کو ٹھیکیداروں کے چنگل سے نجات دلا دی گئی ہے۔
اچھی نسل کے جانور پالنے والوں کی قومی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے تاکہ دوسرے کسانوں میں بھی اچھے جانوروں اور بہترپیداوار کیلئے رغبت پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیامیں دودھ دینے والا ایک جانور لیکٹیشن کے دوران اوسطاً8ہزار دودھ لیٹر دودھ دیتا ہے جبکہ ہم پوری کوشش کے باوجود ایک چوتھائی پیداوار لے پا رہے ہیں۔