پاکستان حج کے موقع پر سعودی عرب کو قربانی کے جانور برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ کما سکتا ہے،ماہرین ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزاورلائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں ڈیری فارمنگ اور لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین جانور پالے جا سکتے ہیں نیز حج کے دنوں میں سعودی عرب کو قربانی کے جانور برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ سعودی عرب حج کے ایام میں آسٹریلیا، یمن، صومالیہ اور دیگر ممالک سے انتہائی مہنگے داموں قربانی کے حلال جانور درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے سعودی عرب قربانی کے جانوروں کی درآمد سعودی حکومت کو انتہائی سستی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لائیو سٹاک مارکیٹ میں تھوڑی سی بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ملک کے مویشی پال کسانوں کی غربت کے خاتمہ کا اہتما م کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن ویلیو ایڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے اس بھر پور پیداوار کو منافع بخش سرمایہ کاری میں منتقل کرنے اور اس کے معاشی ثمرات لائیو سٹاک فارمرز تک پہنچانے میں مکمل کامیابی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت اور خوراک کے مسائل کے حل کیلئے بھی نئی جدتیں اپنانے کی ضرورت پربھی زور دیا۔