چینی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی سے ” سپر بھینس “ کی نسل کو محفوظ کر لیا
ریکارڈ دودھ دینے والی بوڑھی بھینس کی نسل کو محفوظ کرنے کیلئے اسکے جنین سے حمل حاصل کیا گیا
لاہور(لائیوسٹاک پاکستان) چینی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی (OPU-IVF-ET )کے ذریعے ریکارڈ دودھ کی پیداوار دینے کی حامل بوڑھی پاکستانی بھینس کی نسل کو محفوظ کرنے کے لئے اس کے جنین سے حمل حاصل کر لیا ہے۔بفیلو ایمبریو کے ٹیکنیکل مینیجر ڈاکٹر قیصر شہزاد نے بتایا کہ ہم نے نیلی راوی بھینس سے انڈے حاصل کیے جو کہ ایک نوجوان بھینس کی دادی تھی جس نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں منعقدہ مقابلے کے دوران 28.3 کلو گرام دودھ دینے کا عالمی ریکارڈ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ بھینس نے گزشتہ 4 سالوں میں بڑھاپے کی وجہ سے اولاد کو جنم نہیں دیا۔ الٹراساﺅنڈ گائیڈڈ او پی یو کا استعمال کرتے ہوئے اس بھینس سے چار انڈے جمع کیے گئے اور اس کے نتیجے میں دو ایمبریو پیدا ہوئے۔ ابراہیم ڈیری فارم فیصل آباد میں ایک جنین کو ایک چھوٹی بھینس میں منتقل کیا گیا اور حمل حاصل کیا گیا۔ ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ اس فارم میں آٹھ بھینسوں میں ایمبریو منتقل کرنے کے بعد کل چھ حمل ہوئے جبکہ دیگر فارموں کے نتائج کا انتظار ہے۔ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ انہوں نے ” سپر بھینس “بھینس کی نسل کو محفوظ کر لیا ہے اور اس سے ہم اعلی خصوصیات کے ساتھ بہت سی بھینسیں پیدا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔