چولستان کے 20ہزار کاشتکاروں کو 5سال کیلئے سرکاری اراضی دینے کی منظوری

لاہور(لائیوسٹاک پاکستان) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے چولستان کے 20ہزار مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کی منصوبے کی منظوری دیدی، پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ 5 سالہ عارضی کاشت کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ ہوگی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پہلے فیز کی الاٹمنٹ کیلئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے ہوگی، مزید 5 ہزار کاشتکاروں کو دوسرے فیز میں چولستان میں عارضی کاشت کیلئے اراضی دی جائے گی، عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سمیت دیگر سے سپین کے سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور تجارتی،صنعتی اورزرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ سپین پنجاب میں زیتون، سنگترہ اور دیگر سٹرس فروٹ کی کاشت بڑھانے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے سپین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپین کے ساتھ زراعت، متبادل انرجی، ٹیکسٹائل، لائیوسٹاک اور ماس ٹرانزٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ سپین کی جانب سے مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔سپین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں تمام ضروری سہولتیں دیں گے۔ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ہسپانوی سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاکاویڑن قابل تحسین ہیں۔ہسپانوی سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے سپین میں پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔ہسپانوی سفیرہوزے انتونیا ڈی اوری پیرل نے پنجاب میں ریسکیو 1122سروس کے اعلی معیار پر پرویز الٰہی کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کیلئے ہسپانوی ایروناٹیکل ٹیکنالوجی کے حصول کے امکانات کاجائزہ لیا گیااور پنجاب کے مختلف شہروں میں سپین کے جدید ترین ماس ٹرانزٹ سسٹم لانے پر بھی غورکیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے