کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان، 31 جولائی تک درخواستیں طلب
فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) حکومت پنجاب کی جانب سے کپاس کے پیداواری مقابلوں میں حصہ لینے والے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیاہے جس کے تحت کپاس کے پیداواری مقابلہ میں صوبہ بھر میں زیادہ پیداوار حاصل کرنیوالے کاشتکارکو15لاکھ روپے،دوئم کو12لاکھ اورسوئم پوزیشن لینے والے کاشتکارکو10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ ضلع کی سطح پر زیادہ پیداوار حاصل کرکے پہلے نمبر پر آنیوالے کاشتکاروں کو 8 لاکھ، دوئم پوزیشن لینے والوں کو6 لاکھ اور سوئم پوزیشن لینے والوں کو 5 لاکھ روپے نقد انعام کے طور پر دئیے جائیں گے۔
ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ پیداواری مقابلہ کا مقصدکاشتکاروں کے مابین صحت مندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلہ میں صوبہ پنجاب میں کپاس کی بحالی اور ترویج کیلئے پیداواری مقابلہ2023-24 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مقابلہ کیلئے کم سے کم 5ایکڑ تک کپاس کاشت کرنیوالے مردوخواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہمقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں نیز فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ پیداواری مقابلوں میں منتخب کردہ پلاٹوں کی جانچ پڑتال ڈویژنل کمیٹی کرے گی لہٰذا کاشتکارمکمل درخواستیں اپنی تحصیل کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں 31 جولائی 2023 تک جمع کروائیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کریں۔علاوہ ازیں مزید معلومات ورہنمائی کیلئے کاشتکار سوموارسے جمعہ تک دفتری اوقات میں زرعی ہیلپ لائن0800-17000 پرمفت کال کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔