کسٹمز نے بھینسوں کے ممنوعہ 6 ہزار بوسٹن انجکشن پکڑ لئے‘2ملزم گرفتار
اے ایس او کی چھاپہ مار ٹیم نے طارق روڈ کے گودام پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ سے زائد کے 6 ہزار بوسٹن ٹیکے بر آمد کر لئے
اسمگلر نئے طریقوں سے انجکشن اسمگل کر رہے ہیں، کلیئرنس ای پی زیڈ سے ہوئی، بااثر افراد سہولت کار ہیں، کسٹمز حکام
کراچی(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جینس نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک کارروائی کے دوران دودھ دینے والے مویشیوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے استعمال ہونے والے اسمگل شدہ ممنوعہ 6 ہزار بوسٹن انجکشن بر آمد کر لئے، ڈپٹی ڈائر یکٹر کسٹم انٹیلی جنس کراچی انعام وزیر نے بتایا کہ بر آمد ہونے والے انجکشن ضبط کر کے 2 ملزمان علی گھنہ ولد جاوید گھنہ اور مصطفی کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن اے ایس او کی ایک چھا پہ مار ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے موصولہ اطلاع پر طارق روڈ پر قائم گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 6 ہزار ممنوعہ بوسٹن انجکشن بر آمد کر لئے، حکام نے برآمدہ شدہ انجکشن قبضے میں لے لئے ہیں اور مقدمہ درج کر لیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ اسمگلروں کا منظم گروہ نئے طریقوں سے ممنوعہ بوسٹن انجکشن کی اسمگلنگ کا کاروبار کر رہے ہیں ، انجکشن کی غیر قانونی کلیئرنس مبینہ طور پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے عمل میں لائی جاتی ہے، انجکشن کی اسمگلنگ ایک ہائی پروفائل کیس ہے جس میں مبینہ طور پر انتہائی باثر افراد بھی سہولت کار کا کام انجام دے رہے ہیں۔