سیکرٹری لائیوسٹاک کا ڈیری فارم، ملک کولیکشن سنٹر، ویٹرنری ہسپتالوں کا دورہ

(لائیوسٹاک پاکستان) سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب محمد مسعود انور نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کا کسانوں کی خوشحالی اور ملک کی فوڈ سیکیورٹی میں اہم حصہ ہے جسے مزید فروغ دینے کے لیے کسانوں کو ان کی دہلیز پر ویٹرنری سروسز کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی کمرشل ڈیری فارم,ملک کولیکشن سنٹر اور ویٹرنری ڈسپنسری کے دورہ کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ), ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن), ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساہیوال ڈویژن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساہیوال بھی سیکرٹری لائیو سٹاک کے ہمراہ تھے۔نجی کمرشل ڈیری فارم کے دورہ کے دوران سیکرٹری لائیو سٹاک نے مویشیوں کی غذائی ضروریات, پروڈکشن, مینجمنٹ اور علاج معالجے کی سہولیات بارے تفصیلی بریفننگ لی۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ کے دورے کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور کیٹل فارمنگ کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے نجی شعبہ کو خدمات کی فراہمی کی بھی تاکید کی ۔

بعد ازاں سیکرٹری لائیو سٹاک نےنجی کمپنی کے ملک کولیکشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ فارمرز سے خالص دودھ کی خریداری سے لیکر پیکٹ میں محفوظ دودھ کی ترسیل تک فارمرز کی معاونت بے مثال ہے۔چھوٹے فارمرز بلخصوص خواتین فارمرز کی مارکیٹ تک رسائی سے انکی معیشت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

اس کے بعد انہوں نے سول ویٹرنری ڈسپنسری 5/77-آر کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب محکمانہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ عملہ محکمہ کی ہدایات کے مطابق جانوروں کی بروقت ویکسی نیشن کو یقینی بنائے اور مویشی پال حضرات کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افسران شعبہ لائیو سٹاک کے تمام پہلوؤں بارے موثر آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھی حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ ہمارا کسان جدید فارمنگ سے ہم آہنگ ہو سکے۔