پنجاب بھر کے ڈسپنسرز کے لائسنس میں 3 سال کیلئے مشروط توسیع

لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس نے پنجاب بھر کے ڈسپنسرز کے لائسنس میں 3 سال کیلئے مشروط توسیع اور عمر کی بالائی حد مقرر کر دی ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر اختر ملک نے بھی شرکت کی۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ درخواستگزار 6057 ڈسپنسرز کو فارمیسی چلانے کیلئے خصوصی کورس کرایا جائے۔ اجلاس نے مشاہدہ کیا کہ لائسنس کے لئے عمر کی کوئی بالائی حد مقرر نہیں۔ وزیر صحت نے تجویز پیش کی کہ ڈسپنسرز لائسنس کیلئے عمر کی بالائی حد مقرر کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ 75 سال سے اوپر عمر والے افراد کو لائسنس جاری نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال کے بعد لائسنس کیلئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔ کابینہ کمیٹی نے اس حوالے سے قوانین اور قواعد میں ضروری ترامیم کا بھی فیصلہ کیا۔