اتوار سے بارشیں، چناب میں سیلاب، فلڈ وارننگ جاری

بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ،نالوں میں طغیانی ، فلڈ وارننگ جاری ، نظام مواصلات متاثرہونیکا خدشہ ، بلوچستان میں تباہی ، تربت میں کار ریلے میں بہہ گئی، پشین میں چھت گرنے سے باپ4بیٹے چل بسے

لاہور، اسلام آباد،چنیوٹ،کوئٹہ(لیڈی رپورٹر، اپنے رپورٹرسے ،خبرایجنسیاں)اتوار سے لاہور،راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ، مون سون کی بارشوں کے بعد سیلابی ریلے بلوچستان میں تباہی مچانے لگے ، ریلے میں بہنے اورگھرکی چھت گرنے سے 9افراد جاں بحق ہوگئے ، دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ،فلڈوارننگ جاری کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث اتوار کی شام یا رات سے بدھ کے دوران لاہور،کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی ، بالائی ووسطی پنجاب، خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ، اس دوران کہیں کہیں شدید موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ، پیر سے جمعرات کے دوران بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان۔ بلوچستان کے علاقے اورسندھ میں لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، تھر پارکر، سانگھڑ، عمر کوٹ اورمیر پور خاص میں بارش کا امکان ہے ۔ پیر سے بدھ کے دوران شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، سیالکوٹ، نارووال اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی جب کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ، شدید بارش کے باعث مواصلات اور ٹرانسپورٹ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے ۔ علاوہ ازیں چنیوٹ اور چناب نگر کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے ، دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملحقہ گائوں اور نواحی بستیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔ فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر کے تمام سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ۔ ادھر تلی ندی میں سیلاب آنے سے سبی کے کئی دیہات زیر آب آگئے ، ریلے نے دیہاتوں میں تباہی مچا دی، لوگوں نے درختوں اور چھتوں پر چڑھ کر جانیں بچائیں جبکہ مال، مویشی ،اناج اور قیمتی گھریلو سامان پانی کی نذر ہوگئے ، لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو تباہ ہوگئیں جب کہ کئی بندو ں کو نقصان پہنچا ۔ادھر دریائے ناڑی سے سبی شہر کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔ تربت کے علاقے مرگاپ ندی کے قریب کار ریلے میں بہہ جانے سے 4 افراد لاپتا ہو گئے ۔ ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ضلع پشین بوستان کے علاقے کلی ریگی میں کچے گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ مرنے والوں میں باپ محمد دائود اوراسکے 12سے 3سال کے چار بیٹے شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے