نمی کے باعث منہ کھر کاوائرس زیادہ دیر تک فضا میں رہ کر مویشیوں کومتاثر کرسکتاہے، ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) نمی کے باعث منہ کھر کاوائرس زیادہ دیر تک فضا میں رہ کر مویشیوں کو متاثر کرسکتاہے لہٰذا مویشی پال حضرات محتاط رہیں اور جانوروں و مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں۔محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل ۱ٓباد کے ڈویژنل ڈائریکٹرڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایا کہ منہ کھر کی بیماری جانوروں کیلئے نقصان دہ اور متعدی مرض کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ایسے جراثیم سے پھیلتی ہے جسے دور بین سے بھی دیکھنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہاکہ منہ کھر کا وائرس تیزی سے ایک مریض جانور سے دوسرے تندرست جانور تک پہنچ کر اسے متاثر کر سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگرچہ یہ وائرس بیمار جانور کی رطوبت یا عضلات میں پایاجاتاہے تاہم متاثرہ جانور کی چھینک، کھانسی، سانس، منہ کے لعاب سے یہ باآسانی دوسرے تندرست جانوروں تک پہنچ سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ نباتات اور موسمی درجہ حرارت سمیت فضا میں نمی وائرس کو دیر تک زندہ رکھنے کاموجب بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات بروقت حفاظتی اقدامات کرکے اپنے مویشیوں کو اس موزی مرض سے بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری ہسپتالوں، ویٹرنری ڈسپنسریز،موبائل یونٹس اور فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔