پنجاب :دھند ، حد نگاہ انتہائی کم،موٹرویز ،ایئرپورٹ بند

لاہور ودیگرشہروں میں دھند کی گہری چادرتن گئی ، آمدورفت میں مشکل

لاہور(لیڈی رپورٹر، خبرایجنسیاں)پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل رہا۔لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور گردونواح میں دھند کی چادر تن گئی، حد نگاہ 30میٹر رہ گئی جس کے سبب شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ دھند کے سبب موٹروے ایم تھری کو لاہور سے سمندری ، لاہورسے عبدالحکیم، موٹروے ایم فورپنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ، فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ کو بھی دھند کے سبب بند کر دیا گیا۔ صوبے کے دیگر علاقوں کندیاں، ظفروال، مانگا منڈی، پھولنگر، پتوکی کے علاوہ گوجرہ ، چنیوٹ، بھوانہ، رینالہ خورد اور نارنگ منڈی میں بھی دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثررہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ پنجاب، اسلام آباد ،خیبرپختونخوا ،سندھ ، بلوچستان،کشمیر اورگلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک رہے گا۔گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی7، گوپس ،سکردو منفی5،استور، پاراچنار، کالام، اننت ناگ منفی 3،راولاکوٹ، پلوامہ اوربگروٹ میں منفی 2۔قلات،دیر ، مالم جبہ 1، کوئٹہ ، مری2، ایبٹ آباد ، گڑھی دوپٹہ4، اسلام آباد، مظفرآباد6، سیدوشریف،بنوں 7، لاہور، ڈیرہ غازیخان، نوکنڈی، جموں، پشاور،سبی 9، فیصل آباد، ساہیوال 10، سرگودھا ، جہلم ، ملتان ، گوادر11، بہاولپور،سکھر12،کراچی ، ٹھٹھہ 13، حیدرآباد، جیوانی 14ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے