5غذائیں کھائیں،بال اُگائیں

تحریر : انیلا ثمن

اگرکنگھی کرتے ہوئے آپ کے سر سے زیادہ بال اُتر رہے ہیں تو جان لیں کہ آپ تنہا اس پریشانی کا شکار نہیں ہیں،بلکہ آج کل ہر دوسرا شخص یہی پریشانی بیان کرتا نظر آتا ہے۔جس کی ایک بہت بڑی وجہ ناقص اور ملاوٹ شُدہ غذائوں کا استعمال ہے۔ہم جو کچھ بھی کھاتے پیتے ہیں اس کا اثر نہ صرف ہماری مجموعی صحت پر پڑتا ہے بلکہ بالوں کے بڑھنے اور صحت مند ہونے کا انحصار بھی ہماری اچھی غذا پر ہے۔

اگر آپ اپنی صحت کا بھر پور خیال رکھتے ہیں اور جس حد تک ممکن ہو صحت مند غذا کا استعمال کرتے ہیں اور اس کے باوجود آپ کے بال گر رہے ہیں تو ممکن ہے اس کی وجہ ذیا بطیس،وٹامن کی کمی ،تنائو،نیند کی کمی یا کوئی بھی اور مرض ہو سکتاہے۔اس کے علاوہ دُنیا بھر میں کروڑوں افراد کو عمر بڑھنے پر گنج پن کا سامنا ہوتا ہے۔یقینا جھڑتے ہوئے بال ہر کسی کے لیے ہی پریشانی کا باعث بنتے ہیں ،لیکن قدرت نے دُنیا میں موجود ہر قدرتی چیز میں ہی انسانی مسائل کا حل رکھا ہے۔لہٰذا اگر آپ بھی گرتے ہوئے بالوں جیسے مسئلے کا شکار ہیں توہم ذیل میں آپ کے لیے چند ایسی غذائوں کا تذکرہ کر رہے ہیں جن کے استعمال سے آپ نہ صرف گرتے ہوئے بالوں کو روک سکتے ہیں بلکہ انہیں گھنا بھی بنا سکتے ہیں۔اس کے لیے آپ کو محض درج ذیل غذائوں کو کھانے کی عادت اپنا نا ہو گی۔

مچھلی: بال پروٹین فائبر سے بھر پور ہوتے ہیں۔جس کا مطلب ہے کہ نئے بالوں کو اُگانے کے لیے پروٹین کھانے کی ضرورت ہوتی ہے،جبکہ سر پر موجود بالوں کی مضبوطی کے لیے بھی یہ ضروری ہے۔پروٹین کو بالوں کی افزائش اور گرنے سے روکنے کے لیے تو ضروری مانا ہی جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ بالوں کے لیے ایک اور ضروری جز کیراٹین کی پیداوار کے لیے بھی ضروری ہے۔مچھلی کا استعمال اس حوالے سے بہترین ہے ،کیونکہ یہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور وٹامن سے بھر پور ہونے کی وجہ سے بالوں کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔

شہد: شہد بھی ہلکے بالوں میں بہتری لا سکتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق کھجلی اور بالوں کے گرنے کی صورت میں 90فیصد شہد اور10 فیصد پانی کو ملا کر ایک محلول بنا لیں،جسے 4 ہفتو ں تک ہر دوسرے روز اپنے بالوں پر لگانے سے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

گریاں اور بیج: ایک تحقیق کے مطابق اومیگا تھری اور اومیگا سکس فیٹی ایسڈز اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھر پور گریاں اور بیج 6 ماہ کے اند بالوں کے گرنے کا مسئلے ختم کر دیتے ہیں،جبکہ بالوں کی نشو و نما میں بہتری اور گھناپن بھی ان کے استعمال کے ذریعے ممکن ہے۔اس حوالے سے اخروٹ انتہائی مفید ہیں۔

پالک: بالوں کی محرومی کا شکار ہونے والی خواتین میں آئرن اور وٹامن ڈی ٹو کی کمی ہوتی ہے۔اس حوالے سے پالک ایک اچھی غذا ہے جو آئرن اور وٹامن سی سے بھر پور ہوتی ہے،اور اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

لہسن : لہسن سے بھی گرتے ہوئے بالوں کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھر پور مقدار ہے۔یہ سلفر کمپائونڈ پیاز میں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے مؤثر ہے۔لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔آپ تیل میں بھی لہسن کو شامل کر کے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کر سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے