صحت کےلیے کیا بہتر ہے… ورزش، اچھا کھانا یا خوب سونا؟

آک لینڈ: جسمانی مشقت ہو، متوازن غذا ہو یا پھر اچھی نیند، ان تینوں کو صحت کےلیے اہم قرار دیا جاتا ہے؛ لیکن اب نیوزی لینڈ کے طبّی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ رات کی اچھی اور پوری نیند سے ہماری صحت کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔

امریکا اور نیوزی لینڈ میں 2018 سے 2019 تک جاری رہنے والی اس آن لائن تحقیق میں 1,111 رضاکار شریک کیے گئے جن کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔

تحقیق کے دوران مختلف سوالناموں کے ذریعے شرکاء سے ان کے معمولاتِ زندگی اور صحت کی کیفیات کے بارے میں معلومات جمع کی گئیں۔

نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف اوٹاگو میں یہ تحقیق ’شے روبی وکہام‘ اور ان کے ساتھیوں نے انجام دی ہے جس کی تفصیلات ’’فرنٹیئرز اِن سائیکالوجی‘‘ ریسرچ جرنل میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ جسمانی مشقت (بشمول ورزش)، غذا اور نیند کا ہماری ذہنی و جسمانی صحت کے علاوہ آپس میں بھی بہت گہرا اور پیچیدہ تعلق ہے۔

ماضی میں کیے گئے مطالعات میں صحت پر ان تینوں پہلوؤں کے اثرات کا الگ الگ جائزہ لیا جاچکا ہے لیکن ایک ایسی تحقیق کی ضرورت موجود تھی کہ جس میں غذا، نیند اور جسمانی مشقت کو ایک ساتھ مدنظر رکھا جائے۔ یہ تحقیق بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

آسان زبان میں اس تحقیق کے نتائج کا خلاصہ یہ ہے کہ اچھی ذہنی و جسمانی صحت کےلیے رات کے وقت پوری اور ’’معیاری‘‘ نیند لینا سب سے زیادہ ضروری ہے؛ دوسرا نمبر جسمانی مشقت کا ہے جس میں پیدل چلنے سے لے کر باقاعدہ ورزش تک شامل ہیں؛ جبکہ تیسرے نمبر پر متوازن غذا آتی ہے جو تمام اہم غذائی اجزاء مناسب مجموعہ ہو۔

مطالعے میں شریک وہ تمام افراد جنہوں نے رات کے وقت پوری اور بھرپور نیند لی تھی، ان کی ذہنی اور جسمانی صحت ان شرکاء کے مقابلے میں نمایاں طور پر دیکھی گئی جو ویسی ہی متوازن غذا لے رہے تھے اور لگ بھگ ویسی ہی جسمانی مشقت بھی کررہے تھے۔

وکہام کا کہنا ہے کہ اس تحقیق میں جسمانی مشقت، غذا اور نیند کا ذہنی و جسمانی صحت کے ساتھ صرف واضح تعلق ہی سامنے آیا ہے، لہٰذا عمومی صحت پر مذکورہ تینوں پہلوؤں کے اثرات جانچنے کےلیے زیادہ وسیع اور طویل مدتی مطالعے کی ضرورت ہے۔

’’معیاری نیند‘‘ کی سائنسی تعریف

میڈیکل سائنس میں ’’معیاری نیند‘‘ (quality sleep) سے مراد، بالغ افراد کےلیے رات کی ایسی نیند ہے کہ جب وہ سونے لیٹیں تو زیادہ سے زیادہ 30 منٹ بعد انہیں نیند آجائے۔ نیند بھرپور ہو جس کے دوران دماغ پرسکون ہو اور آنکھ نہ کھلے؛ اور اگر آنکھ کھلے بھی تو صرف ایک بار، جس کے بعد صرف 20 منٹ کے اندر اندر دوبارہ نیند آجائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔