ملک کے 3 صوبوں میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری

جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت بیشتر مقامات پر درجہ حرارت مزید بڑھے گا، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) ملک کے 3 صوبوں میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت بیشتر مقامات پر درجہ حرارت مزید بڑھے گا۔ تفصیلات کے مطابق سال کے سب سے گرم مہینے جون کے آغاز سے قبل ملک کے بیشتر علاقوں میں قیامت خیز گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے باقاعدہ الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں روز اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے 3صوبوں میں گرمی مزید بڑھے گی اور رواں ہفتے کے اختتام پر ہیٹ ویوو کا بھی خدشہ ہے۔

ہیٹ ویوو سے متعلق محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آنے والے دنوں میں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت بیشتر مقامات پر درجہ حرارت مزید بڑھے گا۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ 2 روز قبل ملک میں داخل ہونے والا مغربی ہوائوں کا سلسلہ کمزور ہو گیا ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں 2 روز قبل داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کے باعث گزشتہ روز اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی تھی، جس کی وجہ سے موسم قدرے ٹھنڈا ہو گیا۔ تاہم اب مزید بارشیں نہ ہونے کے باعث آئندہ چند روز کے دوران قیامت خیز گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ گرمی کی شدت بڑھنے پر دن کے اوقات میں اپنی نقل و حرکت کو محدود رکھا جائے، یا احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔