محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کا مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے کریک ڈاؤن شروع

مکوآنہ (لائیوسٹاک پاکستان) محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے مویشیوں کو جعلی، ناقص، غیر معیاری خوراک کے استعمال کے باعث مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے اور ڈویژن بھر میں جعلی کھل بنولہ،اولی زدہ رو ٹی کے ٹکڑوں کی خریدوفروخت کرنیوالے افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کا اندراج بھی کروا یا جا رہا ہے۔

ڈویژنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں جعلی وغیر معیاری کھل بنولہ تیار وفروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد مویشی پال حضرات تک جانوروں کی معیاری خوراک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی کھل بنولہ اولی زدہ روٹی ٹکڑا کے استعمال سے جانوروں میں جگر،معدے اور گردوں کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں جس کا سد باب ضروری ہے۔

انہوں نے مویشی پال حضرات سے کہا کہ وہ جانوروں کو رجسٹرڈ کمپنی کا کھل بنولہ ہی استعمال کرائیں یا محکمہ کا انمول ونڈہ متبادل کے طور پر دیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی کھل بنولہ تیاروفروخت کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ اس قبیح فعل کا خاتمہ کیا جاسکے۔