محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی مجوزہ ڈاگ برتھ کنٹرول پالیسی کے تحت بین الاقوامی سطح پر رائج ٹی۔ این۔ وی۔ آر منصوبہ کا آغاز

لاہور( نمائندہ خصوصی) محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی مجوزہ ڈاگ برتھ کنٹرول پالیسی کے تحت بین الاقوامی سطح پر رائج ٹی۔ این۔ وی۔ آر منصوبہ کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی سلسلہ میں محکمہ لائیوسٹاک کے ویٹرنری افسران کی تربیت سازی اور تکنیکی مہارت میں بہتری کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام نجی ویٹرنری انسٹیٹیوٹ میں تربیتی ورکشاپس کا انعقادکیا گیا ان ورکشاپس میں محکمہ لائیو سٹاک پنجاب سے تعلق رکھنے والے صوبہ بھر کے نو ڈویژنز (چھتیس اضلاع) بشمول چولستان سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 130 ویٹرنری افسران کو نیوٹرنگ کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔دوروزہ عملی تربیت کے پانچویں اور آخری سیشن کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)ڈاکٹر اقبال شاہداور ڈائریکٹر لاہور ڈویژن ڈاکٹر کنور محمد نعیم تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک بین الاقوامی معیار کے حامل طریقہ کار بتدریج رائج کر رہا ہے جن میں ٹی۔این۔وی۔ آر اور ڈویژن کی سطح پر پالتو جانوروں کے ہسپتال کے قیام جیسے منصوبہ جات قابلِ ذکر ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈائریکٹر لاہور ڈویژن نے ورکشاپ کے شرکاءمیں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع لاہور ڈاکٹر زبیر باری، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل رائیونڈ ڈاکٹر محمد مدثر ندیم،ڈپٹی ڈائریکٹر تحصیل سٹی ڈاکٹر فواد بدر، ڈاکٹر نثار احمد اور ڈاکٹر عمارہ سحرنے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے