محکمہ لائیوسٹاک سے کارپوریٹ ماڈل پر ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں، فرانسیسی سفارتکار

لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری لائیوسٹاک سے ملاقات کی ۔وفد میں فرانسیسی سفارتخانہ سے ایگریکلچر کونسلر اور ڈپٹی اکنامک کونسلر اور پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن سے ڈاکٹر زبیر اور ڈاکٹر شہزاد امین نے شرکت کی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک محمد مسعود انور نے محکمہ لائیوسٹاک بارے بریفنگ دی اور کہا کہ محکمہ دودھ اور گوشت کی بہتر پیداوار کے لیے پر عزم ہے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے محکمہ کی طرف سے بہت سے پروگرام جاری ہیں۔

جن میں ونڈا اور ایگزاٹک گراس کی پیداوار قابل ذکر ہیں۔مزید انکا کہنا تھا کہ جانوروں کی صحت کے حوالے سے ہر قسم کی سہولیات بشمول ویکسین علاج معالجہ وغیرہ وسیع پیمانے پر مہیا کیا جا رہا ہے۔

اسکے علاوہ لمپی سکن ڈیزیز کی ویکسین پروڈکشن کا کام جاری ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ محکمہ منہ کھر سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے بارے میں اصلاحات کر رہا ہے۔

وفد نے محکمہ لائیوسٹاک کے ساتھ کارپوریٹ ماڈل پر کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ فرانسیسی ڈپٹی اکنامک کونسلر کا کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک کثیر الجہتی بنیادوں ہر کام سر انجام دے رہا ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ محکمہ جانوروں سے اچھی پیداوار اور اینیمل نیوٹریشن کے چیلنج سے نبرد آزما ہو نے کیلئے فرانسیسی تجربہ سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ مونیک ٹران ایگریکلچر کونسلر کا کہنا تھا کہ سیمن پروڈکشن اور بریڈ امپرومنٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔