محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کی مویشیوں کے مصنوعی افزائش نسل مراکزکو مزید فعال بنانے کی ہدایت

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشیوں وجانوروں کی افزائش میں اضافہ کیلئے مصنوعی افزائش نسل سنٹرز کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس ضمن میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت دیگر اضلاع کے ویٹرنری ہسپتالوں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیاگیاہے۔

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایاکہ محکمہ نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں گوشت و دودھ فراہم کرنے والے جانوروں و مویشیوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد میں 89شفاخانہ حیوانات، ویٹرنری ہسپتال اور ویٹرنری سنٹرز موجود ہیں جن میں سے 3 ہسپتالوں کو اے کیٹیگری، 23کو بی کیٹیگری اور باقی63 ویٹرنری ہسپتالوں و ڈسپنسریوں کو سی کیٹیگری میں رکھاگیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ ان مراکز پر متعلقہ حکام کی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیارکرکے متعلقہ حکام کو ارسال کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ روزانہ کی بنیاد پر مصنوعی طریقہ افزائش نسل کے تحت ٹریٹ کئے گئے جانوروں کی تعداد کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔