محکمہ لائیوسٹاک کا عزم پنجاب کو کاٹا جیسی بیماری سے پاک کرنا ہے ،ایڈیشنل سیکرٹری لائیوسٹاک

لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) پاکستان میں قومی سطح پر بھیڑ بکریوں کے موذی مرض کاٹا/پی پی آر کے تدارک بارے وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی زیر صدارت سٹیرنگ کمیٹی کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب بسے ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر آصف سلیمان ساہی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) ڈاکٹر سجاد حسین نے صوبہ پنجاب میں کاٹا بیماری کی روک تھام بارے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ)کا کہنا تھا کہ اس بیماری کی روک تھام کیلئے معیاری ویکسین پروڈکشن انتہائی اہم ہے جس کیلئے ویٹرنری ریسرچ انسٹیٹیوٹ لاہورکی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر آصف سلیمان ساہی نے واضح کیا کہ گزشتہ تین سال سے جاری ویکسی نیشن مہم سے کاٹا بیماری کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے۔

مزیدبراں پنجاب میں سمارٹ موبائل اپیلی کیشن کی مدد سے ڈیزیز سرویلنس کا مربوط نظام موجود ہے تاکہ بروقت بیماری کی تشخیص ممکن ہو سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا عزم پنجاب کو کاٹا جیسی بیماری سے پاک کرنا ہے جس کے لیے ڈویژن کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل)اور ڈائریکٹر کمیونی کیشن نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک(جنوبی پنجاب ) آن لائن شریک ہوئے۔