معلومات کی درست اور بروقت فراہمی کیلئے محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے نئی ویب سائیٹ لانچ کردی

شفافیت اور معلومات کے حق کے قانون کا نفاذ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے جدید طریقوں سے ممکن بنایا جا رہاہے، سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

لاہور( نمائندہ خصوصی) شفافیت اور معلومات کے حقوق کے قانون 2013کو اپنی اصل روح میں نافذ کرنے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے جدید طریقہ کار کا استعمال ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی نئی ویب سائٹ کے اجراءبارے اپنے بیان میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے مویشی پال حضرات، ماہرین، لائیوسٹاک کے شعبہ سے منسلک سٹیک ہولڈرز اور عوام الناس تک معلومات کی درست اور بروقت فراہمی کیلئے نئی اور بہتر ویب سائٹ کا اجراءکر دیا ہے۔ یہ ویب سائٹ جدید ماڈیولز پر مشتمل ہونے کے ساتھ ساتھ موبائل فرینڈلی بھی بنائی گئی ہے اور انٹرنیٹ سے منسلک تمام موبائل ڈیوائسز سے اس ویب سائٹ کی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونی کیشن اینڈ ایکسٹینشن اور پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کی مشترکہ کاوش سے بنائی گئی ویب سائٹ کو اس ایڈریس www.livestock.punjab.gov.pk سے دیکھا جا سکتا ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کے ترجمان کے مطابق ہر قسم کی معلومات کے حصول اور سرکاری وغیر سرکاری امور کی انجام دہی اور رہنمائی کے لئے نئی ویب سائٹ کو استعمال کیا جائے۔ مذکورہ نئی ویب سائٹ میں معلومات کے حقوق کے قوانین کے تحت خصوصی سیکشن بھی ترتیب دیا گیا ہے جس سے عوام الناس کو معلومات کی پیشگی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے