محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، مطلوبہ مقدار میں ضروری ویکسین موجود

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں رواں ماہ کے دوران گائیوں کو چوڑے مار، گل گھوٹو، بھیڑ بکریوں کو متعدی بیماری اور مرغیوں کو رانی کھیت سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اورہر ضلع کومطلوبہ ضرورت کے مطابق ویکسین فراہم کی گئی ہے جبکہ بوقت ضرورت مزید ویکسین بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایاکہ ڈویژن بھرمیں گائیوں میں پائی جانے والی بیماری بی کیو وی(بلیک واٹرو چوڑے مار) سے بچاؤ کیلئے مارچ کے آخر تک ویکسینیشن کا عمل جاری رکھا جائے گا جبکہ اس دوران بھیڑ بکریوں کی پی پی آر وی متعدی بیماری جو بھیڑ بکریوں میں پائی جاتی ہے کی ویکسی نیشن بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بی کیو وی(بلیک واٹر) بیماری، پی پی آر وی بھیڑ بکریوں کی متعدی بیماری کے علاوہ این ڈی وی رانی کھیت مرغیوں کی بیماریوں کی ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری و ساری ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع چنیوٹ میں ایچ ایس وی (گل گھوٹو)،سی سی پی پی وی چیچک کی بیماری،این ڈی وی رانی کھیت مرغیوں کی بیماری اور ضلع جھنگ میں ایچ ایس وی گائیوں میں گل گھوٹو کی بیماری اور این ڈی وی رانی کھیت مرغیوں کی بیماری سے بچاؤ کیلئے بھی عملہ ہمہ وقت کوشاں ہے۔انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو بوقت ضرورت جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے بھی حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ لائیو سٹاک فارمرز ماہ مارچ واپریل کے دوران مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانا نہ بھولیں تاکہ جانوروں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بتا یا کہ منہ کھر کا وائرس بھینسوں، گائیوں، بکروں اور دیگر جانوروں کے منہ کی جلد، اوجھری، معدہ اور کھروں کے درمیان کھال پرحملہ کرتا ہے جس کے باعث متاثرہ جانوروں کونہ صرف تیز بخار ہو جاتا ہے بلکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری میں بھینسوں اور گائیوں میں زبان، تالو، مسوڑھوں، ہوانہ، کھروں کے درمیان چھالکے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑ بکریوں میں چھالکوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے بنتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکنا بھی شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں منہ کھر سے بچاؤ کی ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر افراد قریبی ویٹرنری سنٹر یا ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم ہے اسلئے لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی مسئلہ، معلومات، اطلاعات یا رہنمائی کیلئے صبح 9سے شام 5بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔