لمپی سکن کی دوسری ممکنہ لہر، پنجاب میں جانوروں کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز

لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے لمپی اسکن کی دوسری ممکنہ لہر کے پیش نظر صوبے میں ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے مہم میں استعمال ہونے والی لمپی اسکن ویکسی نیشن کامعائنہ کیا۔انہیں لمپی اسکن ویکسی نیشن مہم پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لمپی اسکن ویکسی نیشن کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، لمپی اسکن کے موثر کنٹرول کے لئے وسیع پیمانے پر 60لاکھ ڈوز مہیا کی ہیں۔

ویکسین لائیو اسٹاک فارمرز کے گھر جاکر مویشیوں کو مفت لگائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے دوسری صوبوں کی نسبت ویکسین کم نرخ پرخریدی ہے، صوبے میں اڑھائی کروڑ سے زائد مویشی اور 2 کروڑ 84 لاکھ سے زیادہ بھینسیں ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لائیو اسٹاک ہمارے نیشنل جی ڈی پی میں14.1فیصداور ایگریکلچر میں63 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں37 فیصد آمدن لائیو اسٹاک سیحاصل کی جاتی ہے، لائیواسٹاک پنجاب بھر میں مختلف بیماریوں کی ویکسین کی200 ملین ڈوز مفت فراہم کر رہا ہے۔پرویزالٰہی نے کہا کہ لمپی اسکن کے موثر کنٹرول کے لئے موبائل ایپADRS-info بنائی ہے۔