92 نیوزمیں شائع شدہ رپورٹ میں لمپی سکن ویکسین کی خبر حقائق کے برعکس ہے‘محکمہ لائیوسٹاک کی پریس ریلز

92 نیوز کے مورخہ 9 جنوری 2023 میں شائع شدہ انور حسین سمراءکی رپورٹ میں مویشیوں کے لئے کم مدتی لمپی سکن ویکسین کی خریداری کی خبر حقائق کے برعکس ہے۔ اس سلسلہ میں مندرجہ ذیل حقائق اور گزارشات مندرجہ ذیل ہیں۔

1۔ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے گزشتہ سال لمپی سکن بیماری کی وبائی کے دوران عملی و تحقیقی اقدامات کی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی اداروں کی مکمل تائید حاصل رہی ہے۔ انہی اقدامات کی بدولت محکمہ لائیوسٹاک نے نہ صرف گزشتہ برس اس وبا پر قابو پایا بلکہ مقامی سطح پر مستند ویکسین کی بدولت بیماری کے پھیلاﺅ میں کمی لائی گئی۔ ہر بیماری کی طرح لمپی سکن بیماری کے دوبارہ حملہ آور ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے چنانچہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ مقامی سطح پر ویکسین کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے تک عالمی معیار کی ویکسین درآمد کی جائے۔

2۔ لمپی سکن بیماری کے کنٹرول بارے حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ لائیوسٹاک پر بھر پور تعاون کا اظہار کیا گیا اور ہنگامی بنیادوں پر معیاری ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔

3۔ محکمہ لائیوسٹاک نے بین الاقوامی ویکسین کی خریداری کے لئے پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PPRA) کے مروجہ قواعد و ضوابط کے عین مطابق شفاف طریقہ کار سے ویکسین خریداری کے عمل کو مکمل کیا اور ویکسین کی پہلی کھپت جنوری 2023 میں موصول ہوئی۔

4۔ ویکسین خریداری اور ویکسین درآمدگی میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے تمام قوانین کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ویکسین کی مدت معیار (ایکسپائری) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے عین مطابق ہو۔ لہٰذا مذکورہ رپورٹر کی یہ رپورٹ مفروضہ اور سنی سنائی باتوں پر مبنی ہے جبکہ حقیقتاً لمپی سکن ویکسین کی مدت معیار 2 سال ہی ہے۔

5۔ محکمہ لائیوسٹاک کے تحت شعبہ تحقیق، ڈیزیز سرویلنس اور ڈیزیز رپورٹنگ احسن طریقہ سے امور سرانجام دے رہا ہے جس کے تحت مکمل تحقیق اور تجزیہ کے بعد لمپی سکن ویکسی نیشن کا شیڈول 15 جنوری سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ اس سال متوقع دوسری لہر سے قبل مال مویشیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

6۔ یہاں ایک اور غلط فہمی بھی دور کرنا ضروری ہے کہ 15 جنوری سے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کا مقصد ویکسین کو جلد از جلد استعمال کرنا نہیں ہے بلکہ یہ مہم شیڈول کے مطابق صوبہ بھر میں مئی 2023 تک جاری رہے گی اور اس سلسلہ میں اضلاع کی جغرافیائی اور گزشتہ بیماری کے مہینوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

7۔ لمپی سکن ویکسین کی خریداری میں ملی بھگت اور کرپشن بارے بے بنیاد الزامات کی کوئی حقیقت نہیں ہے جبکہ تمام خریداری قوانین اور اصول و ضوابط کے تحت کی گئی ہے۔

مذکورہ رپورٹ حقائق کے برعکس ہے اور اس سے محکمہ لائیوسٹاک کے ان تمام فیلڈ ویکسی نیٹرز اور عملہ کے اس عزم اور حوصلہ متزلل ہونے کا اندیشہ ہے جس کے تحت شدید سردی کے موسم میں مویشیوں کو اس خطرناک مرض سے بچانے کے لئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔