مکئی کی پیداوار کا حجم 7 ملین میٹرک ٹن تک پہنچنے کا امکان

نرخ 1600 روپے من ریکارڈ، برآمدات میں بھی اضافہ متوقع ،مزمل چپل

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان سیریل ایسوسی ایشن (پی سی اے )کے چیئرمین مزمل چپل نے کہا ہے کہ مکئی کی پیداوار میں اضافے سے برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،حالیہ سیزن کے دوران مکئی کی ملکی پیداوار میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ متوقع ہے اور پیداوار کا حجم 6.5 تا 7 ملین میٹرک ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین پی سی اے نے کہا کہ پیداوار کی بڑھوتری سے پاکستان مکئی برآمد کرسکے گا ،جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے تحت مکئی کی فی ایکڑ پیداوار 100 من سے بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیپالپور ، اوکاڑہ ، پاکپتن ، عارف والا ، بورے والا، وہاڑی، بہاولنگر، میلسی اور ملتان کا شمار مکئی پیدا کرنے والے بڑے علاقوں میں ہوتا ہے ،نئی پیداوار کی آمد کے بعد ابتدائی طور پر مکئی کا فی من نرخ 1350 روپے رہا تھا جو اب 1600 روپے تک بڑھ چکا ہے۔ مزمل چپل نے مزید کہا کہ ویتنام، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات ، اومان، بحرین سمیت دیگر کئی ممالک کے درآمد کنندگان مکئی کی درآمد کے حوالے سے پاکستانی برآمد کنندگان سے رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی مکئی کی برآمدی قیمت 280 تا 290 ڈالر فی میٹرک ٹن تک رہنے کا امکان ہے ،رواں سیزن دو لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ مکئی برآمد کرنے کی امید ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے