منہ کھرکی بیماری گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، ویکسی نیشن مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے، وزیرلائیوسٹاک پنجاب
ملتان (لائیوسٹاک پاکستان) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ پنجاب میں لائیو سٹاک کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پنجاب حکومت مویشی پال افراد کو ان مواقعوں سے مستفید کرنے کے لیے کوشاں ہے عالمی مندی میں لائیو سٹاک اور ڈیری کی پاکستانی مصنوعات کی فروخت سے زرمبادلہ کا حصول موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں ،یہ بات انہوں نے وٹرنری ہسپتال شیر شاہ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر منصور احمد،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سبطین بھی موجود تھے صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ وٹرنری ہسپتالوں کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ مویشی پال افراد کو بروقت ان کے جانوروں کے علاج معالجہ کی سہولت بہم پہنچائی جا سکے صوبائی وزیر نے کہا کہ ملتان ڈویزن میں منہ کھر کی بیماری میں شدت کی اطلاع ہے جو گزشتہ تین سالوں کی نسبت زیادہ ہے اس لیے ملتان ڈویژن میں منہ کھر کی ویکسینیشن مہم چلانے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مویشی پال افراد کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں صوبائی وزیر نے کہا کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے انہوں نے محکمہ کے افسران سے کہا کہ وہ کٹے بچھڑے پال سکیم کو کامیاب بنائیں مقامی مویشی پال افراد کو علاج معالجہ کی سہولت دہلیز پر دیں۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے شیر شاہ وٹرنری ہسپتال میں پودا لگاتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کے لیے بھی درخت اورپودے ضروری ہیں درخت اور پودے جانوروں کے لیے خوراک اور چارہ مہیا کرتے ہیں تمام وٹرنری ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ہمیں وزیر اعظم پاکستان کے گرین پاکستان وژن کو کامیاب کرنا ہے تاکہ ماحول کو آلودگی سے پاک کر کے خوشگواربنایا جائے صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک میں عملہ کی کمی دور کر رہے ہیں اپنی سروسز اوروسائل کا رخ جانوروں کی تعداد کے مطابق موڑ دیتے ہیں جہاں ضرورت ہو وہاں عملہ اور وسائل دیتے ہیں مختلف بیماریوں کی صورت میں ضرورت کے تحت ویکسینیشن اور ادویات کی مفت سہولت دی جاتی ہے۔