ناقص کارکردگی : پنجاب کے سینکڑوں افسروں کیخلاف کارروائی

ناقص کارکردگی : پنجاب کے سینکڑوں افسروں کیخلاف کارروائی : وزیراعظم کا عوامی شکایات بر وقت حل نہ کرنے پر نوٹس، 1586 افسروں کی جانچ پڑتال 263 کو وارننگ، 111 سے وضاحت طلب

چیف سیکرٹری پنجاب نے کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی، 7 افسروں کو شوکاز نوٹس، زراعت،آبپاشی، اطلاعات، ایکسائز سیکرٹریز کو صلاحیتیں بہتر کرنے کی ہدایت ، وزیر اعظم آفس کی جانب سے 20 ڈپٹی کمشنرز کو سہولیات میں بہتری کا مراسلہ ، 43 اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکازنوٹس جاری کئے گئے اور833 افسروں کو محتاط رہنے کا کہاگیا

اسلام آباد،لاہور(سیاسی رپورٹر ،سیاسی رپورٹرسے ،اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے سرکاری افسروں کی طرف سے عوامی شکایات کو بروقت حل نہ کرنے پر سخت نوٹس لے کرغیر سنجیدہ اور مؤثر کارکردگی نہ دکھانے والے افسروں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے ماتحت 1586 افسروں کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال مکمل کر لی اور وزیراعظم پرفارمنس ڈلیوری یونٹ کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی جس کے مطابق 263 افسروں کو کارکردگی کی بنیاد پر وارننگ، 7 کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے 833 افسروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 111 افسروں سے وضاحت طلب کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 403 افسروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سیکرٹری اطلاعات، زراعت، ایکسائز اور سیکرٹری آبپاشی کو کارکردگی بہتر کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا۔ واضح رہے وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے دوران سرکاری افسران کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا تھا۔ وفاقی وزرا نے بھی بیوروکریسی کے غیر سنجیدہ رویے کی شکایت کی تھی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے ڈپٹی کمشنر لاہور، گجرات، شیخو پورہ سمیت پنجاب کے 20 ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے جاری کئے گئے جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسرعوام کوبہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کارکردگی بہتر بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ، لیہ، جھنگ، بور یوالہ ، صادق آباد، ننکانہ صاحب، پنڈی گھیب سمیت 43 اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکازنوٹس جاری کئے گئے ،وارننگ لیٹر جاری کرنے کا مقصد تمام افسروں کو تنبیہ کرنا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے چاروں صوبوں میں شجرکاری مہم میں خود حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، موجودہ حکومت اب تک 70 کروڑ پودے پہلے ہی لگا چکی ہے ، شجر کاری مہم میں 35 کروڑپودے فروری سے اگست تک لگائے جائیں گے ۔ عمران خان ہفتہ وار ایک ایک صوبے میں شجر کاری کی تقریب میں شریک ہونگے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے