دیہی مرغبانی کے فروغ کے منصوبہ کے تحت ابتک مجموعی طور پر160299افراد میں 12لاکھ سے زائد مرغیاں تقسیم کی جاچکی ہیں، ڈائریکٹر لائیوسٹاک

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں دیہی مرغبانی کے فروغ کے منصوبہ کے تحت ابتک مجموعی طور پر160299افراد میں 12لاکھ سے زائد مرغیاں تقسیم کی جاچکی ہیں جبکہ مزیدپولٹری یونٹس کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خاں نے اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں دیہی مرغبانی کے فروغ کے منصوبہ کے تحت گزشتہ 3سالوں کے دوران مجموعی طور پر 160299افراد میں 12لاکھ سے زائد مرغیوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے گھریلو سطح پر انڈوں اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے دیہی مرغبانی کے فروغ کے منصوبہ کے تحت خواہشمند حضرات سے پولٹری یونٹس کے حصول کیلئے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی جبکہ اس منصوبہ کے تحت ایک درخواست گزار ایک ہی پولٹری یونٹ لینے کا حقدار ہو گا۔

انہوں نے بتایاکہ پولٹری یونٹس لینے کے خواہشمند مجوزہ درخواست فارم،شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، موبائل فون نمبر اور مکمل پتہ کے ہمراہ اپنی متعلقہ تحصیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس منصوبہ کے تحت 5مرغیاں اور ایک مرغا عمر تقریباً80،85 دن،وزن تقریباً650 سے700گرام فی پرندہ ہو گا۔اسی طرح 12مرغوں پر مشتمل ایک یونٹ جن میں فی پرندہ عمر 55سے 60 دن اور وزن تقریباً 350سے450گرام ہو گارعائتی قیمت 1180روپے میں دستیاب ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید معلومات یا رہنمائی کیلئے محکمہ کی ٹول فری ہیلپ لائن 08000-9211 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔