صدر آزاد کشمیر سے پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے وفد کی ملاقات

میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پیرا ویٹرنری سٹاف کی ٹریننگ کا انتظام کیا جائے‘ پونچھ یونیورسٹی راولا کوٹ میں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنس کو مضبوط کیا جائے‘ مزید پروفیسرز کا تقرر کر کے پی وی ایم سی کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کیا جائے‘ صدر پی وی ایم سی ڈاکٹر مسعود ربانی کا مشورہ

آزاد کشمیر (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر میں میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو پی وی ایم سی کی طرف سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فی الحال پیرا ویٹرنری سٹاف کی تعلیم و تربیت کے لئے مختلف کورسز کا اجراءکرے اور اپنی فیکلٹی کو مضبوط کرے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے خصوصی وفد نے صدر آزاد و جموں کشمیر کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔ جس کی دعوت آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی طرف سے پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کو دی گئی تھی۔ پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی کی قیادت میں وفد نے آزاد کشمیر کے صدر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں پہلے ہی پونچھ یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز قائم ہے اور ابھی تک یہ ادارہ بھی تعلیم و تربیت کے لحاظ سے کونسل کی عائد کردہ شرائط کو پورا کرنے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے اس کے پاس کونسل کی عارضی منظوری ہے بہتر یہی ہے کہ حکومت پونچھ یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں (اساتذہ / فیکلٹیز )کی مطلوبہ تعداد پوری کرے تاکہ ڈی وی ایم کے طلبہ کا معیار تعلیم و تربیت درست ہو سکے۔ صدر آزاد کشمیر نے اس سلسلے میں پونچھ یونیورسٹی راولا کوٹ کو ہدایت دی کہ وہ کونسل کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی پابندی کرے۔ صدر کونسل کی طرف سے میر پور یونیورسٹی سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میر پور میں بھی ڈی وی ایم کی کلاسیں شروع کرنے کو کونسل کی منظوری کے ساتھ مشروط کیا ان کا کہنا تھا کہ میر پور یونیورسٹی سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں پیرا ویٹرنری سٹاف کی تعلیم و تربیت شروع کی جا سکتی ہے اور اس کو بہتر بنا کر پہلے یونیورسٹی کے پاس ایجوکیشن اور ٹریننگ کے لئے مطلوبہ اساتذہ کی تعداد پوری کی جائے ۔ چار پانچ سال اس پروگرام پر کامیابی سے عمل کر کے وہاں پر کونسل کی شرائط پوری کر کے ڈی وی ایم کی ڈگری کا اجراءکیا جا سکتا ہے۔ لیکن فوری طور پر یہ مناسب نہیں ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر نے میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بھی ہدایت کی کہ وہ پیرا ویٹرنری سٹاف کی ٹریننگ کے لئے کلاسیں شروع کرے۔ باخبر ذرائع کے مطابق میر پور میں ڈیری فارمنگ کا کام تیزی سے بڑھ رہا ہے اور جدید ڈیری فارمنگ میں بہت سارے ماڈرن ڈیری فارم قائم ہو رہے ہیں۔جن کے لئے تربیت یافتہ سٹاف کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے