پنجاب :خوفناک گرج چمک کیساتھ بارش,بجلی گرنے سے 6 جاں بحق

لاہورمیں سرما کی پہلی بارش،بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ،گہرے بادل چھائے رہے ,لیسکوکے 227فیڈرٹرپ، قصورمیں شریف، ٹیچرعدیل،عارفوالا میں الطاف،زمیندارفرہاد چل بسے

لاہور،قصور ،پتوکی (سٹاف رپورٹر، نمائندگان، تحصیل رپورٹر،خبر ایجنسیاں)ملک بھر میں بارش جبکہ شمالی وبالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، لاہور میں خوفناک گرج چمک کے ساتھ موسم سرما کی پہلی تیز بارش ہوئی، لیسکو کے 227 فیڈر ٹرپ کرگئے ،جس سے کئی علاقے بجلی سے محروم رہے ، بجلی گرنے اور حادثات میں 6افراد جاں بحق ،12زخمی ہوگئے ۔ اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں بارش وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا، اس دوران مختلف علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی کی شکایات ملیں۔ راولپنڈی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے نظام زندگی مفلوج رہا۔ ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں بارش اور برفانی ہوائوں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی۔ ایوبیہ اور نتھیاگلی میں ایک فٹ تک برف پڑی ہے ۔ بڑی تعداد میں سیاحوں نے علاقے کا رخ کرلیا۔ ناران، کاغان، کوہستان اور بٹگرام کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی جس سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ لاہور میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں 2 روز کے دوران ریکارڈ برفباری ہوئی ہے ۔ سوات کے علاقہ مہوڈنڈ میں 3 فٹ، کالام ، مالم جبہ اور ملحقہ علاقوں میں 2 فٹ تک برف پڑچکی ہے ۔ ادھر قصور میں گنڈا سنگھ والہ کے علاقہ چھبر کے نزدیک آسمانی بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کرنیوالا 40 سالہ شریف جبکہ سرائے مغل کے نواحی گاؤں بلیر کا سرکاری ٹیچر عدیل جاں بحق ہوگیا۔ بائی پاس سٹی پھول نگر کے نزدیک کوسٹر پھسل جانے سے 8 سالہ عائشہ زخمی ہوگئی۔ عارفوالا میں آسمانی بجلی گرنے سے دودھ فروش محمد الطاف اور کھیت میں کام کرنے والا کاشتکار محمد فریاد بھٹی دم توڑ گئے ۔ اوکاڑہ میں چک نمبر14ون اے ایل کا 23 سالہ نوجوان علی بھی کھیتوں میں کام کرتے ہوئے لقمہ اجل بن گیا۔ مہمند کی تحصیل حلیمزئی میں بارش سے بوسیدہ کمرے کے چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ ساہیوال کے علاقے گیمبر کے قریب بارش کے دوران کار بے قابو ہوکر عقب سے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ذوالفقار موقع پر دم توڑگیا۔ قادرآباد کے قریب مسافر بس سلپ ہونے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 3مسافر زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کو بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

One thought on “پنجاب :خوفناک گرج چمک کیساتھ بارش,بجلی گرنے سے 6 جاں بحق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔