پنجاب میں پہلی بار61 پیرا ویٹرنری ملازمین کو گریڈ 12میں ترقی دی گئی ‘صوبائی وزیر لائیوسٹاک پنجاب

لاہور(لائیوسٹاک پاکستان) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ویژن اور صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار شہاب الدین خان کی خصوصی کاوش سے محکمہ لائیوسٹاک ملازمین کی فلاح و ترقی کے لئے کوشاں ہے۔اس ویژن کے تحت چولستان ویٹرنری یونیورسٹی کے ملازمین کو 25فیصد سپیشل الاؤنس کی منظوری جبکہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے61 پیرا ویٹرنری ملازمین کو گریڈ 9سے گریڈ 12میں ترقی دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک کی محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کے تحت گریڈ 9میں کام کرنے والے ویٹرنری اسسٹنٹس کو اسسٹنٹ ویٹرنری سپروائزر (گریڈ 12) میں ترقی دینے کی منظوری دے دی گئی۔

صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار شہاب الدین نے ترقی پانے والے تمام ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پنجاب ایک ملازم دوست حکومت ہے جو اپنے ملازمین کی خدمات کو سراہتی ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پیرا ویٹرنری ملازمین گریڈ 16تک ترقی پا سکیں گے۔صوبائی وزیر نے تمام ملازمین کو دل جمعی سے مویشی پال خواتین و حضرات تک خدمات فراہم کرنے کی تاکید بھی کی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پروموشن سے پیراویٹرنری سٹاف کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ نیز ترقی پانے والے ملازمین کو جلد ترقی کے آرڈرز بھی جاری کر دیئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کے تحت پنجاب بھر کے 4700 پیرا ویٹرنری ملازمین کا سروس سٹرکچر اور سروس رولز پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے جس کے تحت ویٹرنری اسسٹنٹ بتدریج ویٹرنری سپر وائزر گریڈ 16تک ترقی پا سکتا ہے۔صوبائی وزیر لائیوسٹاک ملازمین کی فلاح کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور چولستان ویٹرنری یونیورسٹی ملازمین کے لیے 25فیصد سپیشل الاؤنس کی منظوری اور محکمہ لائیوسٹاک کے پیرا ویٹس کی ترقی انہی اقدامات کا نتیجہ ہیں۔