پنجاب؛ آئندہ 4 روز تک بارشوں کی پیشگوئی، محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

 لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ 4 روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

نیوز کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں اتوار کو داخل ہو گا، جس کے باعث 14 ستمبر تک لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا اور فیصل میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اٹک ،چکوال ،سیالکوٹ،نارووال، گجرات میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ میانوالی، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاالدین اور جھنگ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔جاری الرٹ کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کے دوران بھکر،لیہ،ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 14 ستمبر تک وقفے وقفے اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھنے کے ساتھ ضروری مشینری،  ڈی واٹرنگ سیٹ اور عملہ نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ ترجمان کے مطابق مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر کال بھی کی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے