بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی، الرٹ بھی جاری

مری میں شدید برف باری کا امکان، شدید برف باری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا امکان

لاہور (لائیوسٹاک پاکستان) بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی، الرٹ بھی جاری۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں، برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز ہونے کو ہے، ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران لاہور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر،فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، قصور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

20 /21 جنوری کو ملتان، ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں بوندا باندی کا امکان ہے۔اسی دوران مری میں شدید برف باری کا امکان ہے، شدید برف باری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا امکان ہے۔

جاری الرٹ کے مطابق سیاح اور مسافر حضرات محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے اور بارش فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان ، شمالی پنجاب اور شمالی بلو چستان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم بلوچستان بالائی سندھ اور جنوبی/وسطی پنجاب میں چند مقا مات پر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں گوادر 25، جیوانی 21،پسنی 17، تربت 11، قلات08 ، پنجگور07، کوئٹی (سمنگلی 03 ،شیخ ماندا 01 )،ژوب 05، سندھ میں جیکب آباد03، سکھر 01،پنجاب میں خان پور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں کم سےکم درجہ حرارت استور، سکردو منفی12،کالام منفی 10،گوپس منفی 09،بگروٹ منفی 07 ،مالم جبہ منفی 06،زیارت ، پاراچنار،دیرمنفی 05 اور سیدو شریف میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔