جانوروں میں ناکام بریڈنگ کی بنیادی وجہ

جانوروں میں ناکام بریڈنگ کی بنیادی وجہ بریڈنگ کے لیے صحیح وقت کی نشاندہی نہ کرنا ہے۔ ایک اور عنصر جانور کا زیادہ وزن ہونا بھی ہے۔ یہ ایک حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے، جب گائے دوسری گائے کے اوپر چڑھتی ہے تو وہ بھی تولید کے لیے گرم ہونے کی ایک نشانی ہے لیکن سب سے اہم اور بنیادی نشانی ا±س گائے میں دیکھنے کو ملتی ہے جو دوسری گائے کو اپنے اوپر چڑھنے دے اور مزاحمت نہ کرے۔ اس کو انگریزی میں Standing Heat یا Standing Estrus کہتے ہیں۔گائے میں تولیدی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اسکی بچہ دانی میں انڈے کا پیدا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے۔ انڈہ پیدا ہونے کے اس عمل کو اوولیوشن Ovulation کہتے ہیں۔ یہ Ovulation کا عمل پہلی Standing Estrus کے وقت کے بعد تقریباً 24 سے 32 گھنٹے کے بعد شروع ہوتا ہے۔ یعنی جس وقت گائے دوسری گائے کو اپنے اوپر چڑھنے کی اجازت دے تو ٹھیک 24 سے 32 گھنٹے کے بعد اس میں انڈہ پیدا ہوگا۔ اگرچہ بریڈنگ میں دوسری نشانیاں بھی مددگار ہوتی ہیں لیکن بنیادی نشانی یہی ہے کہ گائے دوسرے کو اپنے اوپر چڑھنے کے لیے مزاحمت نہ کرے۔ ایک گائے میں Standing Heat کا دورانیہ اوسطً 10 گھنٹے سے کم ہوتا ہے اور ہر گھنٹہ بعد ایک دفعہ وہ دوسری گائے کو اپنے اوپر چڑھنے کی اجازت دیتی ہے۔

پہلی Standing Heat کے ٹھیک 24 گھنٹہ بعد جب انڈہ پیدا ہوتا ہے تو سپرم سے اسکے کامیاب ملاپ کی عمر 6 سے 12 گھنٹے تک ہوتی ہے۔ لہٰذا اس وقت تک سپرم کا وہاں موجود ہونا لازمی ہے ورنہ وہ انڈہ سپرم سے نہیں مل پائے گا۔سپرم کی کم از کم عمر 24 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ عمر 32 گھنٹے تک ہوتی ہے۔سپرم کی زندگی کے پہلے 6 گھنٹے حیاتیاتی تبدیلی کے لیے مختص ہوتے ہیں جو سپرم کی انڈے سے ملاپ کی تیاری کے لیے ضروری ہے۔

چونکہ مضمون تھوڑا مشکل ہے لہٰذا اب میں ایک مثال سے وضاحت کروں گا

فرض کریں کہ آپ نے ایک گائے میں ابتدائی علامات دیکھی۔اسکے بعد اس دن آپ مسلسل اس گائے میں بنیادی نشانی کے لیے مشاہدہ کرتے رہے۔گائے کے اردگرد دوسری گائیاں بھی تولیدی نشانیوں کے آس پاس ہیں یا اسکے اردگرد کوئی بیل بھی ہے۔ پھر کیا ہوتا کہ آپ پہلی دفعہ اس گائے کو اس کھڑی حالت میں دیکھتے ہو کہ دوسری گائے اس پر چڑھی اور اس نے مزاحمت نہیں کی۔ تو یہ گائے کی Standing Heat کا آغاز ہے جسے انگریزی میں Onset of Standing Heat کہتے ہیں۔ فرض کریں یہ جمعہ کی شام 6 بجے مشاہدہ کی گئی۔ تو یاد رکھیں کے ٹھیک قریباً 24 سے 28 گھنٹے بعد اگلے دن بروز ہفتہ شام 6 بجے سے رات 10 بجے کے دوران اس میں انڈہ پیدا ہونے کا عمل ہوگا۔چونکہ سپرم کی عمر 24 سے 32 گھنٹے ہوتی ہے اور انڈے کی ملاپ کرنے کی عمر اوسطً 8 گھنٹے ہے، لہذا ہفتہ کی شام 6 بجے سے رات 10 بجے کے دوران پیدا ہونے والا انڈہ اگر سپرم سے کامیاب ملاپ نہ کرسکا تو اتوار کی صبح 2 بجے سے 6 بجے تک ختم ہوجائے گا۔

لہٰذا بریڈنگ کرنے کا صحیح وقت جمعہ کی رات 10 سے ہفتہ کی صبح 8 بجے تک ہے۔اگر جمعہ کو رات 10 بجے سے پہلے بریڈنگ کی گئی تو سپرم کے انڈہ پیدا ہونے سے پہلے مرجانے کا اندیشہ زیادہ ہوگا۔ اور اگر ہفتہ کی صبح 8 بجے سے بریڈنگ جتنی تاخیر سے ہوتی گئی تو اس سے یہ اندیشہ بڑھتا جائے کہ سپرم کے ملاپ سے پہلے ہی انڈے کی موت ہوجائے۔

قصہ مختصر کہ پہلی Standing Heat کے مشاہدہ کے 4 سے 16 گھنٹے کے درمیان بریڈنگ کرنے سے کامیاب ملاپ کا چانس بڑھ جاتا ہے۔لہٰذا گائیوں میں Standing Heat کی نشاندہی بہت اہمیت کی حامل ہے۔منسلک تصویر میں اسکی وضاحت ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔