سمندری حیات کی پلاسٹک کے کچرے پر افزائش کا انکشاف
میری لینڈ: گریٹ پیسیفک گاربیج پیچ سمندر میں موجود پلاسٹک کا دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔ اس خطے کا رقبہ فرانس کے رقبے سے تین گُنا بڑا ہے. امریکی ریاست ہوائی اور کیلیفورنیا کے درمیان سمندری پٹی پلاسٹک کی بوتلیں، مائیکروپلاسٹک، ماہی گیروں کے جال اور دیگر پلاسٹک کی اشیاء سے آلودہ ہے۔
اب سائنس دانوں نے ایک تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ یہ خطہ اوئسٹر سمیت کئی سمندری حیات کا گھر ہے جو یہاں رہتے ہیں اور اپنی نسل کی افزائش کرتے ہیں۔ مغربی بحر الکاہل کے ساحلی علاقوں پر رہنے والی ان سمندری حیات کی اکثریت اس بڑے خطے پر پائی گئیں۔
اس قبل ایک تحقیق میں یہ بتایا جا چکا ہے خطرانک جرثومے مائیکرو پلاسٹک پر سوار ہوکر پورے سمندر میں پھیل سکتے ہیں۔
یہ تحقیق امریکی ریاست میری لینڈ میں قائم اسمتھسونین انوائرنمنٹل ریسرچ سے تعلق رکھنے والی لِنزے ہیرم کی رہنمائی میں کی گئی جو نیچر اِیکولوجی اینڈ ایوولوشن میں شائع ہوئی۔
تحقیق کے مصنفین کے مطابق یہ دریافت بتاتی ہے کہ وہ انواع جو ساحل پر پنپتے ہیں، پلاسٹک کے کچرے پر باقی رہنا اور نسل کی افزائش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پلاسٹک پر موجود یہ انواع سمندر میں ایک نئی قسم کی ماحولیاتی کمیونیٹی کے طور پر ظاہر ہوسکتی ہے۔
لِنزے ہرم اور ان کے ساتھیوں کے مطابق تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ بلند سمندر متعدد اقسام کی سمندری حیات (جو کھلے سمندر میں زندہ رہتے ہیں اور نسل کی افزائش کرتے ہیں) کے مسکن ہیں۔ یہ حیات اس تیرتی کمیونیٹی کے بننے میں بڑا کردار ادا کر رہی ہیں۔