زرعی ٹاسک فورس کاصوبہ بھر میں کھادوں کی مہنگے داموں فروخت اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

فیصل آباد (لائیوسٹاک پاکستان) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوکی خصوصی ہدایات پر زرعی ٹاسک فورس کی صوبہ بھر میں کھادوں کو مہنگے داموں فروخت اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔

اس ضمن میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کھادوں کی مہنگے داموں فروخت اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی پر عملدرآمد کر رہا ہے۔اس ضمن میں صوبہ بھر میں گزشتہ دو روز کے دوران کھادوں کی اوور پرائسنگ اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث 40 افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا ہے اور ان میں سے13افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت نہ کرنے والے ڈیلرز کو17 لاکھ 81 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر معیاری زرعی مداخل کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔اس ضمن میں ایسے تمام عناصر کے خلاف شکایت موصول ہونے پرکاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ کاشتکار / عوام النّاس کھادوں کی مہنگے داموں یا بلیک مارکیٹنگ کرنے والے عناصر کے خلاف محکمہ زراعت کے مقامی دفتر یا ضلعی انتظامیہ کو اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔شکایت موصول ہونے پر24 گھنٹے کے اندر کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب نے واضح کیا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔

حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہوکر کھادوں کو مہنگے داموں فروخت یا بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے او راس دھندے میں ملّوث افراد کوقانون کے حوالے کیا جا رہا ہے۔