چو لستان: پانی کی قلت، خشک سالی، سینکڑوں جانور ہلاک،نقل مکانی

رحیم یارخان،بہاولپور(نمائندہ خصوصی )چولستان میں بارشیں نہ ہونے سے پانی کی قلت اور شدید گرمی کے باعث چھوٹے بڑے سینکڑوں جانور ہلاک ہوگئے ، بیشتر کی حالت نازک ہے ، ہلاک جانوروں کی فوٹیجز سامنے آگئیں، لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال بارشیں نہ ہونے کے باعث چولستان میں خشک سالی نے ڈیرے ڈال لئے ، پانی کی قلت کے باعث ہیڈ  قاسم والا،شادی والا،ہیڈ گلشن، ہیڈ فرید اور سالم سر سمیت دیگر علاقے متاثر ہوئے ہیں جہاں اب تک سینکڑوں چھوٹے بڑے جانور ہلاک ہوچکے ہیں ۔چولستان کو جانے والی نہروں میں پانی ختم ہوگیا جس کے باعث جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے ،ذرائع کا کہناہے کہ چولستان میں درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوزکرگیا ہے اور1100 ٹوبوں میں سے 95 فیصد خشک ہوچکے ہیں ، جانوروں کیلئے چارہ ناپید ہو گیا ہے ،جنگلی جڑی بوٹیاں تک سوکھنے لگی ہیں ۔

چولستان کے باسیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انکے جانوروں کیلئے خوراک اور پانی کا بندو بست کیا جائے ورنہ انکے لاکھوں جانور پیاس اور بھوک سے مر جائیں گے ۔چولستان ترقیاتی ادارہ کاکہناہے کہ ممکنہ خشک سالی اور شدید گرمی کے پیش نظر چولستانیوں کو میٹھے پانی کی فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کئے جارہے ہیں ۔دوسری طرف کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت چولستان میں حالیہ گرمی کی لہر کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں مقامی، تحصیل اور ڈویژن سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے