آئندہ تین روز آندھی اور بارش کا امکان، اپریل میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کی پیشگوئی

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آئندہ تین روز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

ملتان( وقائع نگار خصوصی)ملتان ، ڈی جی خان، بہاولنگر ، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں آندھی کے جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے ، محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

اسلام آباد،لاہور(اپنے رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر)محکمہ موسمیات نے رواں ماہ اپریل میں بارشیں معمول سے کم اور درجہ حرارت زیادہ رہنے کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آج تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ اپریل میں بارش کا ایک یا دو سلسلے متوقع ہیں، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی ایک دو لہریں آنے کا امکان ہے جبکہ رمضان المبارک میں بالائی علاقوں کا درجہ حرارت نارمل اور زیریں علاقوں کا قدرے گرم رہے گا، اپریل میں بالائی پنجاب، جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں گرد آلود آندھیوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے ۔ اپریل کے دوسرے ہفتے میں پولن سیزن ختم ہونے کا بھی امکان ہے ۔ لاہور سموگ اور آلودگی کی بنا پر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے ۔ شہر میں مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا، شہر کی آب و ہوا مضر صحت قرار دیدی گئی، محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد 46، سکرند، چھور اور مٹھی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے