10جون سے گندم خریداری بند ہونے, چیک پوسٹیں ختم کرنے کا اعلان متوقع,آٹا بحران سنگین ہونیکا خدشہ
گندم خریداری ٹارگٹ سے کم ہوئی ،موسمی حالات کے باعث پیدوار بھی جتنی توقع تھی اتنی نہیں ہوئی ،گندم سمگل ہوئی تو ملک بھر میں گندم اور آٹے کا شدید ترین بحران آئے گا،ذرائع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی جانب سے گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بنائی جانے والی چیک پوسٹیں ختم کرنے کا اعلان اور سرکاری سطح پر دس جون سے گندم خریداری بند کرنے کی توقع ہے ،شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اقدام سے صوبہ بھر میں آٹے کا بحران سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق موسمی صورتحال کے باعث اس بار گندم کی پیداوار کم ہونے محکمہ خوراک کے گودام خالی ہونے اور اس مرتبہ گندم خریداری ٹارگٹ سے کم ہوئی ہے ، محکمہ خوراک سرگودھا کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تک 67 فیصد گندم کی خریداری کی جا سکی ہے ۔ حکومتی ذرائع نے قوی امکان ظاہر کیا ہے کہ گندم خریداری بند کرنے کی ہدایت کر دی جائے گی۔ جس سے صوبہ بھر میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے ۔ جو آٹے کے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے ۔ اس وقت آٹے کا 20 کلو والا تھیلا گیارہ سو روپے تک فروخت ہو رہا ہے ، چیک پوسٹیں ختم ہونے سے گندم دوسرے صوبوں میں سمگل ہو گئی جو اس بحران میں اضافہ کا سبب بنے گی۔شہریوں کا کہناہے کہ حکومت ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کر ے جس سے عام آدمی کے مسائل میں اضافہ ہو اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام مزید پس کر رہ جائیں۔