گھر گھر جا کر گندم تلاش کرنے کا حکم, ناکامی پر نمبردار فارغ: کمشنر

مقررہ مدت کے اندر خریداری ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے ’ ناکامی پر ہر وہ شخص ذمہ دار جس کو کام سونپا گیا ہے ،عید تک 80سے 90فیصد ٹارگٹ حاصل کرنے کی ڈیڈلائن جاری ڈویژن سے گندم دوسرے صوبوں میں سمگل ہو یا عام مارکیٹوں اور گھروں میں سٹاک ہو رہی ہے ، ڈپٹی کمشنرز ایسے اقدامات کو روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں،ڈاکٹر فرخ مسعود

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنرسرگودہا ڈاکٹر فرح مسعود نے گندم خریداری مہم میں سست کارکردگی کے حامل اسسٹنٹ کمشنروں کوتنبیہ کی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر خریداری ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے ’ ٹارگٹ حاصل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ریونیو افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ایسے نمبر دار جو اپنے مواضعات میں گندم نکالنے میں ناکام رہے ہیں انہیں شوکاز کے بعد فارغ کیا جائے ۔ڈویژن بھر میں کل کاشت گندم کا پانچواں حصہ حکومت نے خرید نا ہے اور اس میں ناکامی پر ہر وہ شخص ذمہ دار ہو گا جس کو اس مہم میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وہ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں گندم خریداری مہم کے حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی کے علاوہ وڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر زعبداﷲ نیئر شیخ،مسرت جبیں،سید موسی ،عمرشیر چٹھہ ،ڈائریکٹر زراعت فیض احمد کندی اور ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ارشد وٹو نے شرکت کی۔ کمشنر نے چاروں اضلاع میں عید تک 80سے 90فیصد تک گندم خریداری کا مقرر کر دہ ہدف حاصل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایسے افسران اپنے ماتحت ریونیو افسران پر زیادہ انحصار کرتے ہیں اور ریونیو اہلکار اپنے ذاتی مفاد کیلئے افسر کو غلط گائیڈ کرتے ہیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو موضع لیول اور گھر گھر جا کر گندم تلاش کر کے خریداری مراکز پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈویژن سے گندم دوسرے صوبوں میں سمگل ہو رہی ہے یا عام مارکیٹوں اور گھروں میں سٹاک ہو رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ایسے اقدامات کو روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں۔کمشنرنے چاروں اضلاع کے اے ڈی سی آرز سے ماتحت اسسٹنٹ کمشنروں سے روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ کو حاصل کرنے کی تحریری طور پر ضمانت لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ریونیو افسران کو اب عملی کارکردگی دکھانا ہو گا۔ بصورت دیگر وہ اپنے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کیلئے تیا ررہیں ۔ بعدا زاں اجلاس میں ڈویژن میں ٹڈی دل کے خاتمہ بارے آپریشن پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو کرونا کے مریضوں کیلئے گھروں میں قرنطینہ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے